21 نومبر 2014 - 19:21
سہ فریقی ایٹمی مذاکرات کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر

ایران ، امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان سہ فریقی ایٹمی مذاکرات کا دوسرا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  ارنا کی رپورٹ کے مطابق ویانا میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جاری ایٹمی مذاکرات آج چوتھے دن، ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور یورپی یونین کی نمائندہ کیتھرین اشٹین کے درمیان انجام پائے کہ جس میں فریقین کے نائب وزراء خارجہ بھی شریک تھے۔ ایران کےایٹمی مذاکرات کے ایک قریبی ذریعے نے ارنا کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ امکان ہے کہ آج رات جواد ظریف اسلامی جمہوریۂ ایران کے اعلی حکام کے ساتھ تبادلۂ خیال کے لئے تہران واپس لوٹ آئیں۔ سہ فریقی مذاکرات کا آج یہ دوسرا مرحلہ تھا جبکہ کل رات بھی ویانا میں دو گھنٹے  سہ فریقی مذاکرات انجام پائے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق کل رات کو ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں، مذاکرات کو جاری رکھنے کے طریقۂ کار، ایران میں یورینئم کی افزودگی کی شرح کے بارے میں باقی ماندہ اختلافات کے حل اور ایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف عائد پابندیاں منسوخ کئے جانے کے محور پر گفتگو ہوئی۔ امریکی وزرات خارجہ کے اعلان کے مطابق جان کیری نے ان مذاکرات سے قبل اپنے ملک کے ایٹمی مذاکرات کار وفد سے ملاقات اور گفتگو کی تاکہ مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال سے با خبر ہوں۔ جان کیری نے کل جمعرات کو پیرس ميں اپنے فرانسیسی اور سعودی ہم منصبوں سے ملاقات کے بعد، فرانس کے وزیر خارجہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک مذاکرات کی مدت میں توسیع کا درپے نہیں ہے اور وہ کسی حتمی سمجھوتے کے حصول کے لئے مذاکرات کررہا ہے۔واضح رہے کہ آج ویانا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، گروپ 1+5 کے بعض وزراء خارجہ کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں ۔ ایرانی وزیر خارجہ گروپ 1+5 کے وزراء خارجہ کے ساتھ چوتھے دور کے مذاکرات  میں حصہ لے رہے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ اگر گروپ 1+5 کے وزراء خارجہ چاہییں تو مذاکرات میں جامع معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲